نئی دہلی، یکم دسمبر( ائی این ایس انڈیا )زرعی قوانین کے معاملے پر جاری شمالی ہندوستان میں کسانوں کا احتجاج بین الاقوامی سطح پر سرخیوں میں ہے ۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ہندوستان میں ہونے والے ان مظاہروں پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا ہمیشہ پرامن مظاہروں کے حقوق کی حمایت کرتا ہے ۔
گرو نانک جینتی کے موقع پر کینیڈا کے وزیر اعظم نے سکھ برادری کے لوگوں سے خطاب کیا ۔ اس دوران انہوں نے ہندوستان میں کسانوں کی تحریک پر بات کی ۔ جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ہندوستان سے کسانوں کے احتجاج کے بارے میں جو خبریں آرہی ہیں وہ پریشان کن ہیں ۔ ہمیں آپ کے کنبہ کے ممبروں کی فکر ہے ۔ جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا ہمیشہ پرامن مظاہروں کے حق میں ہے اور ہندوستان میں اس طرح کے مظاہروں کے لئے بات کرتا رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستانی انتظامیہ سے متعدد طریقوں سے رابطے میں ہیں اور اپنے تحفظات کا اظہار کررہے ہیں ۔ یہ متحد ہونے کا وقت ہے ۔